سابق گورنر پنجاب میاں اظہر کی نماز جنازہ ادا کردی گئی جس میں ان کے صاحبزادے حماد اظہر نے بھی شرکت کی جو گزشتہ کئی ماہ سے روپوش تھے۔
نماز جنازہ قذافی اسٹیڈیم کے باہر ادا کی گئی، نمازِ جنازہ پروفیسر مولانا محمد یوسف نے پڑھائی، نماز جنازہ میں صوبائی وزیر فیصل کھوکھر، سابق وزیر خارجہ خورشید محمود قصوری، پی ٹی آئی رہنما میاں اعجاز شفیع جمشد اقبال بھی شریک ہوئے۔
فواد چوہدری سمیت اراکین پنجاب و قومی اسمبلی نے بھی نماز جنازہ میں شرکت کی، ان کے علاوہ دیگر سیاسی وسماجی شخصیات نے نماز جنازہ میں شرکت، ان کی تدفین بابا رحمت قبرستان بھٹہ چوک میں کی جائے گی۔
قبل ازیں 9 مئی کیسز کے باعث مفرور حماد اظہر اپنے والد میاں اظہر کے جنازے میں شرکت کے لیے رہائش گاہ پہنچ گئے۔
سینئر وزیر مریم اورنگزیب دوبارہ میاں اظہر کی رہائشگاہ پہنچیں، مریم اورنگزیب گزشتہ رات بھی میاں اظہر کی رہائشگاہ گئی تھیں، رکن صوبائی اسمبلی حافظ فرحت عباس،فرخ جاوید مون، فردوس شمیم نقوی، شوکت بسرا، مہر واجد، ابوزر سلمان نیازی بھی میاں اظہر کی رہائش گاہ پر موجود تھے۔
صدر پاکستان مسلم لیگ ن، محمد نواز شریف اور وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے سینیئر سیاستدان میاں محمد اظہر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور خاندان سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ مرحوم میاں محمد اظہر کے والد کا میاں محمد شریف مرحوم کے ساتھ دیرینہ تعلق تھا، دعاگو ہیں کہ اللہ رب العزت میاں محمد اظہر مرحوم کی مغفرت اور انکے اہل خانہ کو صبر عطا کرے۔




