وفاقی دارالحکومت میں انٹرنیشنل پارلیمنٹیرینز کانگریس سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان پرامن بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے ، صرف امن ہی ترقی کا راستہ ہے، تاہم پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن اسی صورت ہوسکتا ہے جب افغان عبوری حکومت دہشتگردی کو مسئلہ سمجھے۔ افغان عبوری حکومت کو یہ بھی سمجھنا ہوگا کہ تعلیم کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ قیام امن کے لیے پاکستان نے یہاں سے وفود بھی افغانستان بھیجے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغان سرزمین سے پاکستان میں دہشتگردی کی ہر کوشش کا جواب دیا جائے گا۔ افغانستان سے پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی کا پہلے بھی جواب دیا گیا ہے اور آئندہ بھی جواب دیں گے۔




