284

کراچی میں بارش، کئی علاقے اور سڑکیں زیر آب، تعلیمی ادارے بند

محکمہ موسمیات کے مطابق آج بدھ کے روز بھی شہر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان برقرار رہے گا، جبکہ بعض مقامات پر موسلا دھار بارشوں کے اسپیلز بھی دیکھنے کو مل سکتے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے ماہر انجم نذیر ضیغم نے بتایا کہ بارشوں کا سبب بننے والا یہ ڈپریشن آج مزید کمزور ہوگا اور کمزور ہونے کے بعد یہ طاقتور کم ہوا کے دباؤ یعنی ’ویل مارک ایریا‘ میں تبدیل ہوجائے گا، ماہرین کے مطابق بارش کا یہ سسٹم جمعرات کو بحیرہ عرب کی جانب منتقل ہوجائے گا۔

کراچی کے مضافات کی ندیوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کے بعد ملیر اور لیاری ندی کی سطح بلند ہونے سے سیلابی پانی گھروں میں داخل ہوگیا، بارشوں کے باعث کراچی کے مضافات میں مول ندی، کھدیجی ندی، جرندہ ندی میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوا، چاروں ندیوں کا پانی اکٹھا ہو کر ملیر ندی میں شامل ہونے سے ملیر ندی کی سطح بلند ہوگئی۔

لیاری ندی میں بھی پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، ملیر ندی کے اطراف کی آبادیوں میں پانی داخل ہونے لگا، رہائشیوں نے نقل مکانی شروع کردی، لوگ محفوظ مقامات کی جانب جانے لگے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں