60

پاکستان کی افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر فضائی کارروائیاں، 22 دہشت گرد ہلاک

وزارتِ اطلاعات کے مطابق پاکستان نے دہشت گردوں، ان کے نیٹ ورکس اور سہولت کاروں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے عزم کے تحت “آپریشن غضب للحق” کا آغاز کر دیا ہے۔

وزارتِ اطلاعات کا کہنا ہے کہ اس آپریشن کے دوران “فتنہ الخوارج” اور “فتنہ الہندستان” کے ٹھکانوں کے خلاف نپی تلی فضائی کارروائیاں کی گئیں۔ دہشت گردوں کے کیمپوں اور ٹھکانوں کو دو مختلف مقامات پر نشانہ بنایا گیا، جہاں مقررہ اہداف کو کامیابی سے تباہ کر دیا گیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس کارروائی میں 22 دہشت گرد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ دہشت گردوں کے زیرِ استعمال اسلحے اور گولہ بارود کی بڑی مقدار کو بھی تباہ کر دیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن اور استحکام کے قیام کی کوشش کی ہے، تاہم افغانستان بدستور دہشت گردی کا مرکز بنا ہوا ہے اور پاکستان کو درپیش زیادہ تر خطرات وہیں سے جنم لیتے ہیں۔

وزارتِ اطلاعات نے واضح کیا کہ فضائی کارروائیوں کے دوران صرف دہشت گردوں کے اڈوں کو نشانہ بنایا گیا اور اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہ ہو۔

حکومتِ پاکستان کا عزم ہے کہ “آپریشن غضب للحق” دہشت گردی کے اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے تک پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں