399

لاہور: پاکستان سپر لیگ 10 کے فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل میں شاندار اور سنسنی خیز فائنل کی روایت رہی ہے اور اس بار بھی کوئٹہ اور لاہور کے درمیان ہونے والا میچ نہایت سنسنی خیز ثابت ہوا، قلندرز نے صرف ایک گیند قبل اس دلچسپ مقابلے میں گلیڈی ایٹرز کو6 وکٹوں سے شکست دی

لیگ کی تاریخ میں لاہور قلندرز کی ٹیم تیسری بار پی ایس ایل کی فاتح بنی، اس سے قبل لاہور نے پاکستان سپر لیگ 7 اور 8 کا ٹائٹل بھی جیتا تھا۔

لاہور قلندرز نے 202 رنز کا ہدف ایک گیند پہلے سکند رضا کے چوکے کی مدد سے حاصل کیا، کوشال پریرا نے 30 گیندوں پر 61 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی، سکندر رضا نے 7 گیندوں پر فتح گر 22 رنز اسکور کیے۔

محمد نعیم نے 46 اور عبداللہ شفیق نے 41 رنز بناکر جیت میں اپنا حصہ ڈالا، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے محمد عامر، فہیم اشرف، ابرار احمد اور عثمان طارق نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔

فاتح‌ٹیم کے کوشال پریرا کو میچ وننگ اننگز پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے حسن نواز کو پورے ٹورنامنٹ میں بہترین بیٹنگ کرنے پر پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار دیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں