
ترکی کی مقبول ڈرامہ سیریز ارطغرل میں ’ارطغرل غازی‘ کا کردار ادا کرنے والے معروف اداکار اینگن التان کی درخواست پر لاہور پولیس نے ان کے ساتھ مبینہ دھوکہ دہی اور انھیں بدنام کرنے کے الزام میں جمعرات کو کاشف ضمیر چوہدری نامی ٹک ٹاکر کو گرفتار کیا ہے۔
ٹک ٹاکر کاشف ضمیر چوہدری پر الزام ہے کہ انھوں نے ارطغرل کے ہیرو اور معروف ترک اداکار اینگن التان کو برانڈ ایمبیسیڈر بنانے کے لیے انھیں پاکستان بلا کر جعلی چیکوں کے ذریعے ادائیگی کی بلکہ اداکار کے ان سے معاہدہ ختم کرنے کے باوجود وہ ان کا نام استعمال کر کے لوگوں سے کاروبار کرتے رہے۔
ترک اداکار اینگن التان نے حال ہی میں پاکستان میں ترکی کے سفارتخانے کے ذریعے کاشف ضمیر چوہدری کے خلاف پولیس کو ایک شکایت بجھوائی تھی جس کی بنیاد پر لاہور کے ریس کورس تھانے میں ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا اور اب یہ گرفتاری عمل میں آئی ہے۔
پولیس نے کاشف ضمیر کی گرفتاری کے لیے مارے گئے چھاپے کے دوران ان کے قبضے سے بے شمار بھاری بھر کم سونے کے ہار برآمد کیے ہیں جو پولیس کے مطابق نقلی ہیں۔ پولیس کو ان کے گیراج میں کھڑی ایک گاڑی ملی ہے جس کی چھت پر نیلی بتی اور گاڑی پر جعلی سرکاری نمبر پلیٹ لگی ملی ہے۔ اس حوالے سے کاشف ضمیر پر ایک علیحدہ مقدمہ درج کیا گیا ہے۔




