
کووڈ ویکسین کے اثرات کے بارے میں بہت سی باتیں کی جا رہی ہیں۔ کوئی کہتا ہے کہ انھیں بخار ہوا تو کوئی کہتا ہے کہ انھیں کچھ بھی محسوس نہیں ہوا جبکہ بہت سے لوگوں کو کچھ دوسرے قسم کا احساس ہوتا ہے جبکہ کچھ لوگ معمول سے زیادہ کچھ مختلف محسوس نہیں کرتے ہیں۔
لیکن انڈیا کی مغربی ریاست مہاراشٹر کے ضلعے ناسک سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے ویکسین لینے کے بعد ان میں ہونے والے چونکا دینے والے تغیرات کا دعویٰ کیا ہے۔
ناسک کے اروند سونار کا کہنا ہے کہ ویکسین کی دو خوراکوں کے بعد ان کا جسم مقناطیس کی طرح کام کر رہا ہے۔ لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ ویکسینیشن کی وجہ سے ایسا نہیں ہوسکتا۔
اپنے دعوے کی حقیقت کو ظاہر کرنے کے لیے اروند سونار نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو ڈالی ہے جس میں سکے اور لوہے کی چیزیں ان کے جسم سے چپکی ہوئی دکھائی دیتی ہیں۔ یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے.
انھوں نے بتایا: ‘میں اپنے بیٹے کے ساتھ یونہی طرح طرح کی باتیں کر رہا تھا کہ اس نے مجھے ایک خبر کے بارے میں بتایا کہ ویکسین لینے کے بعد لوہےکی اشیاء لوگوں سے چپکنے لگتی ہیں۔ میں نے بھی جانچنے کے لیے تجربہ کیا تو مجھے پتا چلا کہ ایسا ہو رہا ہے۔’
سونار کے مطابق انھوں نے چار پانچ دن قبل ایک نجی ہسپتال میں کووڈ ویکسین کی دوسری خوراک لی تھی اور انھیں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں رہا۔




