
وفاقی وزیر تعلیم و فنی تربیت شفقت محمود نے اعلان کیا ہے کہ رواں سال امتحانات لازمی ہوں گے جبکہ نویں اور دسویں کے صرف اختیاری مضامین کے پیپر لیے جائیں گے۔
بین الصوبائی وزرائے تعلیم کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شفقت محمود کا کہنا تھاکہ وزرائے تعلیم کانفرنس میں جتنے فیصلے ہوئے تمام متفقہ ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے بند کرنا کسی حکومت کیلئے آسان نہیں، تعلیمی اداروں سے متعلق سب صوبوں کی مشاورت سے فیصلے کیے جبکہ وبا کی صورت میں تعلیمی اداروں کو کھولنے کا فیصلہ آسان نہیں ہوتا۔
شفقت محمود کا کہنا تھاکہ فیصلہ کیا ہے کہ اس سال امتحانات ضرور لینے ہیں۔
وزیرتعلیم نے اعلان کیا کہ 9 ویں اور دسویں جماعت کا امتحان اختیاری مضامین اور ریاضی میں ہوگا جبکہ گیارہویں اور بارہویں جماعت کا امتحان بھی صرف اختیاری مضامین میں ہوگا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ امتحانات اب 24 جون کے بجائے 10 جولائی سے ہوں جبکہ پہلے انٹر اور پھر میٹرک کے پیپر ہوں گے۔




