
بیت المقدس میں اسرائیلی پولیس سے جھڑپوں میں پیر کو تین سو سے زیادہ فلسطینیوں کے زخمی ہونے کے بعد غزہ سے اسرائیلی علاقے میں متعدد راکٹ داغے گئے ہیں جبکہ اسرائیل کے جوابی فضائی حملوں میں بچوں سمیت 20 افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔
فلسطینی عسکریت پسند تنظیم حماس کی جانب سے اسرائیل کو دھمکی دی گئی تھی کہ اگر اسرائیلی پولیس کی جانب سے فلسطینیوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ نہیں رکا تو وہ راکٹ حملے کر سکتی ہے۔
پیر کی شب اسرائیلی فوج کی جانب سے یہ دعویٰ سامنے آیا ہے کہ حماس نے غزہ سے ایشکیلون کے قصبے کو درجنوں راکٹوں سے نشانہ بنانے کی بھی کوشش کی جسے ناکام بنا دیا گیا۔ اسرائیلی فوج کے مطابق اس کے جواب میں جنگی طیاروں نے غزہ میں حماس کی ایک سرنگ کو نشانہ بنایا ہے۔




