
کراچی: (ٹائمز نیوز اردو )کے سی آر کے مطابق کراچی کے مردوں میں منھ کا سرطان سب سے زیادہ عام ہے جبکہ خواتین میں چھاتی کا سرطان سب سے زیادہ اور اس کے بعد منھ کا سرطان بھی عام ہے۔ جنوری2017ء اور دسمبر2019ء کے دوران حاصل کیے گئے کراچی کینسر رجسٹری کے ڈیٹا بیس کے مطابق کراچی میں 33 ہزار 900 سرطان یا ناسور سے متعلق کیسزرجسٹرڈ ہوئے جس میں خواتین کی تعداد17,490یعنی52.5فیصدجبکہ مردوں میں یہ تعداد15,819یعنی47.5فیصد تھی، کراچی کینسر رجسٹری نےمختلف اقسام کے سرطان کے تیزی سے پھیلاؤ پر اپنی فکر کا اظہار بھی کیا ہے۔
یہ بات آغا خان کی پروفیسر اورکراچی کینسر رجسٹری کے سربراہ ڈاکٹر شاہد پرویز نے ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیو لر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ (پی سی ایم ڈی) جامعہ کراچی کے سیمینار روم میں عوامی آگاہی پروگرام کے تحت ”سرطان اور کراچی کینسر رجسٹری“ کے موضوع پراپنے آن لائن لیکچر کے دوران کہی۔




