
لاہور: (ٹائمز نیوز اردو) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ناجائز حکومت کو برطرف کرنے کے لیے قوم کو کردار ادا کرنا ہوگا جس کے لیے جنوری کے آخر یا فروری کے آغاز پر لانگ مارچ کریں گے اور اس میں استعفے ساتھ لے کر جائیں گے۔
حکومت کے خلاف اسلام آباد لانگ مارچ کا اعلان انہوں ںے لاہور مینار پاکستان پر حکومت مخالف گیارہ جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسے سے مریم نواز، بلاول بھٹو زرداری، اختر مینگل اور دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ادارے کھوکھلے ہوگئے، ملکی معیشت تباہ ہوگئی، لوگوں کو نوکریوں سے نکال دیا گیا، مہنگائی کا دورہ دورہ ہے، ایک حکومت جب ناجائز ہے تو اسے برطرف کرنے کے لیے قوم کو اور نوجوانوں کو کردار ادا کرنا ہوگا اور ہم اسی لیے آپ کے پاس آئے ہیں کہ ملک کو بچایا جائے۔
کشمیر کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ حکومت کشمیر پر بھارتی قبضے کے خلاف کچھ نہ کرسکی اس کی دو وجوہات ہیں، یا تو ہم اتنے کمزور ہوگئے کہ کشمیر کا تحفظ نہیں کرسکے یا ہم نے خاموشی سے بھارت کے ہاتھوں کشمیر کا سودا کردیا، عمران خان نے مودی کے ہاتھ کشمیر کو بیچ دیا، ہم کشمیر کی تقسیم کا فارمولا منظور ہونے نہیں دیں گے، عمران خان نے پہلے ہی کہا تھا مودی کامیاب ہوا تو کشمیر کا مسئلہ حل ہوجائے گا اور اب دیکھیں مودی کے نزدیک کشمیر کا مسئلہ کس طرح حل ہوا ہے۔




