
مینلوپارک: واٹس ایپ نے فیس بک سے ڈیٹا شیئرنگ اقدام وقتی طور پر مؤخر کردیا ہے۔
جمعے کے روز اپنی متازعہ پرائیویسی پالیسی کے متعلق ایک اہم بیان جاری کرتے ہوئے واٹس ایپ نے اسے تین ماہ کے لیے مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سے قبل واٹس ایپ نے کہا تھا کہ وہ 8 فروری کے بعد سے اپنی پالیسی بدلتے ہوئے صارفین کا بہت سا ڈیٹا فیس بک سے شیئر کرے گی۔
اس اعلان کے بعد دنیا بھر میں واٹس ایپ کے دو ارب کے لگ بھگ صارفین نے پرائیویسی پالیسی پر تنقید کی تھی اور دوسری جانب لوگوں کی بڑی تعداد نے پالیسی کی دستاویز کو مسترد کرتے ہوئے دیگر ایپس کی جانب رجوع کرنا شروع کردیا تھا۔ ان ایپس میں سگنل اور ٹیلی گرام سرِ فہرست ہیں جو ایپل اور ایپ اسٹور پر سرِ فہرست آگئی تھیں۔




