
نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ مرحومہ کا جسد خاکی غیر ملکی پرواز کے ذریعے پاکستان پہنچ گیا ہے۔بیگم شمیم اختر کا جسد خاکی لے کر آنے والا جہاز لاہور ایئر پورٹ پر اتر گیا ہے ا ور اپنی والدہ کی میت لینے کے لیے شہباز شریف لاہور ایئرپورٹ پر موجود ہیں۔مرحومہ 22نومبر کو لندن میں وفات پا گئی تھیں اور ان کی وہاں نماز جنازہ کرنے کے بعد میت پاکستان روانہ کی گئی تھی اور اب یہاں جاتی عمرہ میں ان کا نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد آبائی قبرستان میں انہیں دفن کر دیا جائے گا۔
لاہور ایئرپورٹ سے جاتی عمرہ تک میت کو ایمبولینس میں لایا جائے گااور آج ہی انہیں سپرد خاک کر دیا جائے گا۔بیگم شمیم اختر کی نماز جنازہ شریف میڈیکل سٹی رائیونڈ میں ادا کی جائے گی شریف خاندان کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق کورونا کی وجہ سے نماز جنازہ میں صرف 30 افراد کو شرکت کی اجازت ملی ہے ذرائع کے مطابق بیگم شمیم اختر کی نماز جنازہ میں شریف خاندان کے انتہائی قریبی افراد شرکت کریں گے۔




